حافظ نعیم الرحمن نے قصبہ کالونی میں الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا

 کراچی (نمائندہ رنگ نو )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے قصبہ کالونی میں الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا ۔اس موقع اسحاق

خان ، عبد الحنان ،ڈائریکٹر الخدمت مواخات پروگرام یوسف محی الدین ،منیجر مواخات پروگرام محمد طارق اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

افتتاح کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے دعاکروائی اور اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور خوشی کا ظہار کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے نوجوانوں کو خودمختار اور ہنر مند بنانا چاہتے ہیں ۔یہ ہمارے بچے ہیں ۔انہیں پڑھانا ہے اور آگے بڑھانا ہے ۔ بنو قابل کی طرح اسکل ڈیو لپمنٹ پروگرام کا بھی دائرہ وسیع کریں گے۔شہر کے مختلف علاقوں میں ایسے سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔مجھے امید ہے کہ قصبہ کالونی میں قائم کیے جانے والے اس سینٹر سے یہاں کے نوجوان بھرپور استفادہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت پڑھے لکھے نوجوانوں کو انڈسٹریل آٹو میشن ،موبائل رپیئرنگ ، ایڈوانس ٹیلرنگ ، الیکٹریکل ،اسپوکن انگلش ،سولر پی وی ٹیکنیشن جیسے کورسز کروارہی ہے جو خوشی کی بات ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام سے بہت سے نوجوان کورس پاس کرکے اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیںجس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ پروگرام نوجوانوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کا پروگرام ہے ۔انہوں نے ان نوجوانوں سے کہا کہ معاشرے میں آپ کو آپ کی ایمانداری کے سبب ہی پذیرائی مل سکتی ہے ۔اپنے والدین کا سہارا بنیں اور ان کی خدمت کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نوجوانوں میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی پائی جاتی ہے ۔اس مایوسی کی وجہ سے نوجوان ہمت ہا ر دیتے ہیں ،میں ان نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ مایوس نہ ہوں اور الخدمت کے ان سینٹرز سے کورسز سیکھ کر محنت کریں اور اپنے پیروں پر کھڑے ہوں ۔