ٹیکس گزاروں کو کسی طرح بھی ہراساں نہیں کیا جائے گا، شبر زیدی

راولپنڈ ی (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے کہاہے کہ رجسٹرڈ

ٹیکس گزاروں پرکوئی چھاپہ نہیں مارا جائے گا اور نہ ہی انہیں کسی بھی طرح سے ہراساں کیا جائے گا۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبرزیدی کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں کہنا تھا کہ ممبر ایف بی آر سے کم کسی آفیسرکو جرمانے کی اجازت نہیں ہو گی۔صرف اعلیٰ اتھارٹی کو جرمانے کے اختیارات دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو کاروبار کی بنیاد پر ٹرن اوور ٹیکس کم کیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ سیکشن 152 کے تحت سعودی عرب کو حج کمپنیوں کی ادائیگی کا تعین کیا جائے گا اور ود ہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگا۔ سیلز ٹیکس کے ساتھ رجسٹرڈ ود ہولڈنگ ایجنٹوں کے لئے حد بڑھا دی جائے گی۔ امپورٹرز کی رجسٹریشن کو آسان بنایا جائے گا۔
آر سی سی آئی کے صدر صبور ملک نے کہاکہ قومی معیشت مشکل وقت سے گزر رہی ہے اور معیشت کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششوں میں ایف بی آر کاروباری برادری کے ساتھ بہتر شراکت داری کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے چھاپوں اور کاروباری مراکز کی بندش سے مارکیٹ میں منفی تاثرملتا ہے۔