
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے گندم کی امدادی قیمت میں 15 روپے فی
من اضافے کی منظوری دے دی ۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت 1,365روپے فی من مقررکی گئی ۔اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے بجلی کی قیمت میں 11پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔ نیپرا مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے 15 پیسے فی یونٹ اضافے کی پہلے ہی منظوری دے چکا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نیپرا کو اضافی 11 پیسے اضافے کے نوٹیفیکیشن کی منظوری دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم دسمبر2019سے اگلے ایک سال کے لیے ہوگا۔اعلامیہ کے مطابق 300یونٹس ماہانہ استعمال کرنے والے دو کروڑ گھریلو صارفین پراس نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہو گا۔ بقیہ ایک کروڑ صارفین میں 60لاکھ صارفین کے لیے 7 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔




































