صوبوں کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ہدایات جاری کر دیں:وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے صوبوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں،

حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقہ سے روکا جا سکتا ہے، عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر اعظم نے اپنی زیر صدارت کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، آئندہ چند دنوں کے تخمینوں اور صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ملک کے مختلف صوبوں میں کورونا مریضوں کیلئے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور سہولیات کی موجودہ صورتحال اور اس میں اضافہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ شروع میں ان کی تعداد محض 2 تھی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 4800 وینٹی لیٹر موجود ہیں، شروع میں ان کی کل تعداد 700 تھی۔ موجود 4 ہزار 8 سو وینٹی لیٹرز میں مزید 16 سو کا اضافہ بہت جلد ہو جائے گا، ملک میں این۔95 اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی تک تمام صوبوں کے مختلف ہسپتالوں میں 2 ہزار کووڈ۔19 بستروں کا مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالہ سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے 20 بڑے شہروں میں ان مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے اور جہاں صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرِاعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں کورونا سے متعلق حفاظتی لباس اور پرسنل پروٹیکٹو کٹس کی تمام ضروریات بااحسن طریقے سے پوری کی جا ر ہی ہیں۔