
=اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی
طرح تباہ کردے گا،بجٹ سے شعبہ صحت اور شعبہ زراعت کو تباہ کن نقصانات ہوں گے،سلیکٹڈ وزیراعظم عوام سے اس بات کا انتقام لے رہے ہیں کہ انہیں ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کرکے منتخب کیوں نہیں کیا،پی پی پی بجٹ کو مسترد کرچکی ہے اور اب ہر فورم پر اس کی مخالفت کی جائیگی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی اراکین پارلیمان کا زرداری ہاؤس میں ویڈیو لنک اجلاس ہوا،جس میں ماہرین نے پی پی پی اراکین پارلیمان کو عوام دشمن بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ جی ایس پی میں اضافے کے بجائے پیٹرولیم لیویز میں اضافہ کرکے صوبوں کو ان کے شیئر سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی،پاکستان کی معیشت کا 70 فیصد انحصار زراعت پر ہے اور یہ بجٹ زراعت دشمن ہے۔
پیپلزپارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہماری معیشت کو سونامی کی طرح تباہ کردے گا،حکومتی بجٹ سے شعبہ صحت اور شعبہ زراعت کو تباہ کن نقصانات ہوں گے،اگر بجٹ کے خلاف عوام نے مزاحمت نہ کی تو غربت اور قحط جیسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،سلیکٹڈ وزیراعظم عوام سے اس بات کا انتقام لے رہے ہیں کہ انہیں ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کرکے منتخب کیوں نہیں کیا۔





































