
اسلام آباد ( ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خدارا اپوزیشن اپنی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں سے
نہ کھیلے،خواجہ آصف کا بیان تضادات کا مجموعہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔
روز وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خواجہ آصف کی تقریر کرونا وبا کی وجہ سے خطے اور عالمی سطح پر درپیش حالات سے مکمل لاعلمی کا مظہر ہے،ان کا بیان تضادات کا مجموعہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے، خدارا اپوزیشن اپنی سیاست کے لیے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے،ماضی کی حکومتوں نے وطن عزیز کے اداروں کو تباہ حال کر کے بے سمت کیا،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کی سمت درست کرکے خوشحالی اور ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام با شعور ہیں۔ملکی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والے عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے،ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات اور فوائد کے لئے اداروں کو مفلوج کیا،اپنے منشور کے تحت ہم اداروں میں اصلاحات کرکے سروس ڈیلیوری بہتر بنا رہے ہیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے بخوبی نمٹ رہے ہیں،اپوزیشن مثبت تجاویز کی بجائے سیاست کر رہی ہے،وزیراعظم عمران خان قوم کو کرونا وباء سے محفوظ رکھنے اور بھوک سے بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔














