
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کے ثمرات ملک بھر کے
عوام کو پہنچانے کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں۔ ملاوٹ سے پاک اور خالص اشیاء کا میسر آنا گڈ گورننس کیلئے ضروری ہے۔اس امر پر خصوصی توجہ دی جائے، ملک میں گندم کی وافر فراہمی کے ساتھ ساتھ آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملک میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے سلسلہ میں اقدامات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز نے وزیرِاعظم کو بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے خصوصاً حکومت کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے ثمرات کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے حوالہ سے اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیرِاعظم کو اشیاء ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اورملاوٹ کے خلاف انتظامی اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کی اجازت دینے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں تاہم آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی لا نے کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔





































