
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی):پلی بارگین کرنے
والے ملزمان پر قانون کے مطابق تمام سزائیں لاگو ہوتی ہیں ،ملزم پلی بارگین گین کی درخواست میں نہ صرف اپنے جرم کا اعتراف کرتاہے بلکہ لوٹی گئی رقم مارک اپ کے ساتھ مجموعی واجب الادا رقم اداکرتاہے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق بدعنوانی تمام برائیوں کی ماں ہے جو کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نیب کا قیام بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی اور قومی خزانے میں جمع کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا۔ نیب نے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی متحرک قیادت میں "سب کے لئے احتساب" کی اپنی پالیسی کے ذریعے نہ صرف بڑی مچھلیوں کو گرفتار کیا بلکہ بدعنوان عناصر سے 466 ارب روپے کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی۔ .نیب اعلامیہ کے مطابق نیب نے نہ صرف سب کا احتساب یقینی بنانے کا وعدہ کیا بلکہ اپنی بلا امتیاز احتساب کی پالیسی پرکامیابی سے عمل کیا۔ قومی احتساب بیورو نیب ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ ساتھ نیب کے تمام ریجنل بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیاجاتاہے۔ افسران کی کارکردگی میں بہتری کے لئے ان کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا جاتا ہے۔نیب چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی متحرک قیادت میں خود احتسابی پر پختہ یقین رکھتاہے۔
نیب نے شکایت کی تصدیق ، انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کو مکمل کرنے اور متعلقہ احتساب عدالت میں مقدمات دائر کرنے کے لئے دس ماہ کا وقت مقرر کیا تھا اور اگر ضرورت ہو تو میگا بدعنوانی کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے اس کی مدت میں اضافہ کیا جاسکتاہے۔
نیب نے نئے انویسٹی گیشن آفیسران اور لاآفیسرز کوتعینات کرکے نیب کے استغاثہ اور آپریشن ڈویژنوں کو مزید متحرک کیا ہے اور انہیں وائٹ کالر کرائمز کے مقدمات سمیت دیگر مقدمات کی بھرپور انداز میں انکوائری کرنے اور عدالتوں میں ان کی پیروی کرنے کے لئے جدید خطوط پر تربیت فراہم کی ہے۔ملزم نیب آرڈیننس 1999 کے آرٹیکل 25بی کے تحت پلی بارگین کی درخواست دیتاہے۔ملزمان نیب کی جانب سے اکٹھے گئے ٹھوس ثبوت اور شواہد کو دیکھ کر پلی بارگین کا راستہ رضاکارانہ طور پر اختیار کرتا ہے۔














