پاکستان سٹاک میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر 56 فیصد اضافہ ہوا: خرم شہزاد

کراچی( ویب ڈیسک )پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ، مجموعی تعداد 6 لاکھ 81 ہزار 965 تک پہنچ گئی، نئے

سرمایہ کاروں میں نوجوانوں کی نمایاں اکثریت شامل ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی مشیر برائے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ مالیاتی مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کی شمولیت کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2026 کے دوران ریکارڈ 25 ہزار 747 نئے سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ کا حصہ بنے، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 66 فیصد زیادہ ہیں۔

خرم شہزاد مطابق 2026 کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2 لاکھ 18 ہزار 894 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جو گزشتہ چار سال کے دوران ہونے والے مجموعی اضافے سے بھی زیادہ ہیں۔

وفاقی مشیر خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ نئے سرمایہ کاروں میں 85 فیصد کا تعلق جنریشن زی اور ملینیلز سے ہے، جو نوجوان نسل کی سرمایہ کاری اور سٹاک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد حکومتی معاشی پالیسیوں اور مالیاتی اصلاحات کے اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔