
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم وسط مدتی انتخابات کے نتائج تسلیم کریں گے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام
کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کریں گے ، ممکن ہے کہ دونوں جماعتیں کسی معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کر لیں۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کا ذمے دار اس بات کو قرار دیا ہے کہ ان کا نام بیلٹ پر موجود نہیں تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ جنوبی کیرولائنا کے ریپبلکن سینیٹر ڈارلین گراہم اور ٹیکساس کے ریپبلکن اٹارنی جنرل کین پیکسٹن کی حمایت کرنے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔وائٹ ہاؤس میں انتخابی نتائج دیکھتے ہوئے ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز سے گفتگو میں کہا ہے کہ میں انٹرویو کے دوران بھی نتائج دیکھ رہا ہوں۔
ادھر امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی برتری پر امریکی صدر نے خبردار کیا ہے کہ ڈیموکریٹس نے جو بھی احمقانہ چیزیں بھیجیں تو انہیں ویٹو کر دوں گا۔صدر ٹرمپ نے انتخابات میں ایران تنازع کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریبپلکنز کے کامیاب نہ ہونے کی ایک وجہ ایران تنازع تھی، لوگ شاید پیٹرول کی قیمت کی صورت میں سامنے آنے والے قلیل مدتی نتائج بھگتنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس نے اچھا کام کیا، ہم بہت سے معاملوں پر ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں جس میں امیگریشن کا معاملہ بھی شامل ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ بیان میں کابینہ میں تبدیلی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ ہم کابینہ میں تبدیلی کریں گے ۔




































