آئی ایم ایف نے 10 کھرب ڈالرکے نئے دوطرفہ قرض معاہدے کی منظوری دیدی

اسلام آباد/ واشنگٹن (ویب ڈیسک،خبرایجنسی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے ایک ٹریلین یا 10 کھرب ڈالرکے نئے

دوطرفہ قرض معاہدے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے رکن ممالک سمیت کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کو قرضوں اورمعاونت کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹیں دورہوگئی ہے۔
یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹالیناجوارگیوانے بورڈ کے اجلاس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری ہونے والے بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رکن ممالک نے آئی ایم ایف کے قرضہ دینے کی استعداد کو ایک ٹریلین ڈالرتک بڑھانے کی منظوری دی ہے جس کے بعد آئی ایم ایف ممبرممالک کوکروناوائرس کی وباء سے نمٹنے اوراس کے علاوہ دیگرمدوں میں معاونت فراہم کرنے کے قابل ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ گروپ 20 ممالک کے کروناوائرس سے نمٹنے کے اس منصوبہ کی مکمل حمایت کرتا ہے جس میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، عالمی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مربوط اورہدف پرمبنی اورمعیشتوں کی بحالی کیلئے اقدامات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
دریں اثناء آئی ایم ایف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ آئی ایم ایف کے انتظامی بورڈ نے نئے دوطرفہ قرضوں کے فریم ورک کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے قرضہ دینے کی استعدادکارایک ٹریلین ڈالرتک بڑھ جائیگی۔