کورونا میں مبتلا 1500مریض صحت یاب،اب تک 5988 کیسز کی تصدیق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 1500 افراد

صحت یاب ہو چکے،جبکہ اب تک 5988 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صنعتیں کھولنے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ بے احتیاطی شروع کردی جائے، سماجی میل جول کے حوالے سے ہم سب کو گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ہو گا۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1500 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں، ملک میں کورونا کے5988 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور ماہرین کے مشورے سے گائیڈ لائنز تیارکی جاتی ہیں۔
ڈاکٹرظٖفر مرزا نے کہا کہ دنیابھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 27 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں اب تک 73 ہزار 439 کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں، ملک کے مختلف اسپتالوں میں 44 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں، گزشتہ 24گھنٹوں میں 11 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 107 ہوگئی ہے، 54 فیصدکیسز لوکل ٹرانسمٹڈ کیسزہیں، پاکستان میں آج 16 ہزار 387 افراد مختلف قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام شعبہ جات کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ملازمین کا خیال رکھیں، صنعتیں کھولنے کا یہ مقصد نہیں ہے کہ بے احتیاطی شروع کردی جائے، کیسزکم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ احتیاط کادامن چھوڑدیں۔ انہوں نے عالمی دنیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دیگرملکوں کی نسبت ہمارے کیسز کم ہیں، حالات کنٹرول میں ہیں لیکن احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا۔ انہوں نے کہا کہ تمام گائیڈ لائنز ویب سائٹ پر موجود ہیں۔