
اسلام آباد (ویب ڈیسک)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ میرے خیال میں علماء کرام کو گزشتہ
روزمساجد میں 5وقت باجماعت نماز، نماز جمعہ اور رمضان المبارک میں تراویح کو جاری رکھنے کے حوالہ سے اعلامیہ جاری کرنے کے بجائے کچھ انتظار کرناچاہیے تھا۔
یہ بات ڈاکٹر قبلہ ایاز نے نجی ٹی وی سے انٹرویومیں کہی۔انہوں نے کہا کہ میری اطلاعات ہیں کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی علماء کو پرسوں ہفتے کے روز ویڈیو لنک کے ذریعہ مشاورت کے لئے بلانا چاہتے ہیں۔ دونوں طرف سنجیدہ لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمان اور دیگر جید علماء کرام سنجیدہ لوگ ہیں اور مجھے امید ہے کہ حکومت کہ طرف سے صدر مملکت اور وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز احمد شاہ جب ان کے سامنے پوری صورتحال پیش کر لیں گے تو بات ایک بہتر منطقی انجام تک پہنچ جائے گی۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ25مارچ کو علماء کا اعلامیہ آیا تھا اور وہ اعلامیہ یہ تھا کہ اگر حکومت نمازیوں کی تعداد ماہرین صحت کی آراء کی روشنی میں کم کرنا چاہے تو علماء کی طر ف سے مزاحمت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ سب سے اعلیٰ مقصد ہے اور انسانی جان بہت محترم ہے تو انسانی جان کے تحفظ کے لئے جو بھی کوششیں ممکن ہیں وہ کی جانی چاہئیں، ماہرین صحت کی رائے اب بھی یہی ہے کہ سماجی میل جو ل کے دوران فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے۔





































