کوئی سمجھتا ہے ہمارے ملک میں وائرس دنیا سے کم ہے تو وہ غلط ہے، مراد علی شاہ

کراچی(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص ایسا سمجھ رہا ہے کہ ہمارے ملک میں وائرس دنیا

سے کم ہے تو وہ غلط ہے۔پاکستان میں مزید سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس ٹیسٹ کٹس آگئی ہیں اور ہم ٹیسٹنگ تیزی سے بڑھائیں گے اور اب تک صوبے میں ٹیسٹنگ کی استعداد 1500 تک لے آئے ہیں جبکہ اس سے قبل 500 سے 600 ٹیسٹ ہورہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اب تک 16 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے ہیں جبکہ 10 فیصد ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں کہ جو ہسپتال پہنچتے ہی مردہ قرار دے دیے جاتے ہیں اور ان میں سے کافی کیسز ایسے ہیں جو ہمیں لگتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس کے ہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حیدر آباد میں تبلیغی جماعت کے 122 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 110 صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد انہیں اپنے آبائی اضلاع میں بھیجا جارہا ہے جبکہ ان میں چند غیر ملکی ہیں اور رائیونڈ انتظامیہ سے بات کرکے انہیں بھی واپس بھیجیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 2.4 فیصد ہے جبکہ 5 ہزار افراد کو آئی سولیشن میں رکھا ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے تشویش ہے کہ ہمارے یہاں ہلاکتوں کی تعداد کی صحیح رپورٹنگ ہورہی ہے یا جبکہ کیسز دنیا میں سامنے آنے والے رجحان کے برابر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا ملک ایک ہی طرز پر چلے تو اس کے زیادہ فوائد ہوں گے، یہ بات وفاقی حکومت سے کہی تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ 14روز کا لاک ڈاؤن مزید ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی مسئلہ ہے تبھی لاک ڈاؤن بڑھایا ہے، پورے پاکستان میں مزید سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈبل سواری کی سڑکوں پر اجازت نہیں ہوگی، صبح 8 سے 5 بجے تک دکانیں کھولنے پر ہی عمل کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے ایس او پیز پر معاہدہ ہوا ہے ہم سندھ میں اس کے نفاذ کے جواب دہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت ملازمین کو فیکٹری تک لانے کے لیے اپنی ٹرانسپورٹ کے انتظامات، اورانتظامیہ کو ان کی فہرست دیا جائے گا۔