
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام صوبے
اپنے فیصلے کرنے میں آزاد اور خودمختار ہیں،اٹھارویں ترمیم ان کے آئینی اختیارات کی ضامن ہے، سندھ حکومت اپنے صوبے کے حالات کے مطابق جو بہتر سمجھے وہ فیصلے کرے۔
اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو کتنا بڑھانا یا کم کرنا ہے، وفاق کی جانب سے کوئی پابندی نہیں، پاکستان کے عوام کی حفاظت ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاق صوبوں کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے تمام اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور تقویت دینے میں اپنا کردار اور ذمہ داری ادا کرتا رہے گا، عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہیں، تمام اکائیوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ان کا نصب العین ہے۔





































