
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے عام آدمی کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے محدود کاروباری
سرگرمیوں کی اجازت دی، سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات اپنی زیر صدارت کوویڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق درست ڈیٹا اور معلومات پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اجلاس کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے آج کے اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور فوکل پرسن برائے کوویڈ ڈاکٹر فیصل نے وزیرِ اعظم کو ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، ٹریکنگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ میں منتقل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی و دیگر امور پر بریفنگ دی۔
چیئر مین این ڈی ایم نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حفاظتی انتظامات اور خصوصاً ہسپتالوں میں حفاظتی سامان کی ترسیل کے بارے میں آگاہ کیا۔ چئیرمین این ڈی ایم نے بتایا کہ حفاظتی سامان کی تیسری کھیپ کل صوبوں کو ارسال کر دی جائے گی۔ اجلاس میں ماہ رمضان کو پیش نظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی بھی زیر غور آئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق درست ڈیٹا اور معلومات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ صحیح اعدادوشمار پر مبنی ڈیٹا کی بنیاد پر حکمت عملی اختیار کی جائے۔














