
کراچی(رنگ نوڈاٹ کام ) صوبہ سندھ میں ممکنہ طور پر اگلے 14 روز تک گرمی کی شدید اور خطرناک لہرسے خبردار کیا گیاہے اور اس
دوران عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہرین کےمطابق جنوری سے اب تک مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیر اثر سندھ کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق یا اس سے تھوڑا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا جارہا تھا۔چونکہ اب مغربی ہواؤں کا کوئی اور سلسلہ سندھ پر اثر انداز نہیں ہوگا جس کی وجہ سے اب سندھ میں گرمی جگہ لے لے گی۔اگلے 14 روز کے دوران گرمی کی 2 طاقتور لہریں لگاتار سندھ کے بیشتر علاقوں پر اثرانداز ہونگی،
سندھ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں اثرات سب سے زیادہ ظاہر ہوں گے ۔لاڑکانہ،جیکب آباد،شکارپور سمیت بالائی سندھ میں درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کاامکان ہے۔
گرمی کی پہلی لہر27 مئی سے 3جون تک ہوگی۔اس گرمی کی لہر کے دوران سندھ کے شمالی اور مغربی حصے میں ٹمپریچر پچاس ڈگری تک جانے کابہت زیادہ امکان ہے۔دن کے اوقات میں ہوا شمال مشرق سے چلے گی اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوگا۔
لاڑکانہ اور جیکب آباد میں درجہ حرارت،اڑتالیس سے پچاس ڈگری، سکھر میں سینتالیس سے اننچاس ڈگری،جبکہ نواب شاہ میں بھی پارہ اڑتالیس سے پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔سندھ کے مشرقی علاقوں میں بھی گرمی کی لہر کی شدت کافی زیادہ ہوگی۔ تھرجیسے علاقوں میں درجہ حرارت 46-47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
گرمی کی ممکنہ لہر کی شدت سندھ کے جنوبی علاقوں میں کم ،جبکہ ساحلی علاقوں میں نہ ہونے کے برابرہوگی۔ حیدرآباد اور گردونواح میں اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45-46 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کی امید ہے جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شاید 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جائے۔














