
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بعض شرپسند عناصر ترقی کی راہ میں روڑے
اٹکانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے پر کہا ایک جتھے کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے، حکومت کا ایکشن آئین اور قانون کے مطابق ہو گا،
عمران خان واحد وزیراعظم جنہوں نے قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا،جہاں بارود کی بو تھی وہاں عمران خان نے پھولوں کی خوشبو کو مہکایا، سارا عمل احسن طریقے سے چل رہا تھا لیکن کچھ شرپسند عناصر ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہے ہیں،یہ لوگ بین الاقوامی طاقتوں کے ہاتھوں کھلونا بن رہے ہیں
انہوں نے مزید کہا پاک فوج نے سینہ تان کر شرپسندوں کا مقابلہ کیا، قبائلی عوام شرپسند کارروائیوں کی حوصلہ شکنی کرینگے ، ایسی کارروائیوں سے ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائیگی
معاون خصوصی نے کہا اس گروہ نے یونیفارم میں ملبوس فوجیوں پر فائر کھولا اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، اس گروہ کو بے نقاب کرینگے اور قانون حرکت میں آئے گا، کسی کو قومی مفاد کیساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ادھر معاون خصوصی نے ایک ٹویٹ میں شہباز شریف اور اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا جو میدان چھوڑ کر بھاگ گئے وہ دوسروں کو دروغ گوئی کا طعنہ دے رہے ہیں۔














