
لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں 10 نئی پناہ گاہیں بنانے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا
کہ وزیراعظم کی قیادت میں فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے،سابق حکومتوں نے کبھی لاچار طبقے کی فلاح کے لیے سوچا نہ کچھ کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پناہ گاہوں میں سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں 10 نئی پناہ گاہیں بنانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نئی پناہ گاہیں کرائے کی عمارتوں میں بنائی جائیں گی۔انہوں نے نئی پناہ گاہیں بنانے کے لیے مقامات کی جلد نشاندہی کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہوں کے نئے ماڈل کا دائرہ کارمرحلہ وار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا،پناہ گاہوں میں سہولتوں کی بہتری کے لیے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی تشکیل دینے کی بھی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عمارتوں کی دیکھ بھال محکمہ تعمیرات ومواصلات کے ذمے ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا،پناہ گاہوں کی جیو ٹیگنگ اور روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا، اہم سڑکوں پر پناہ گاہوں کی نشاندہی کے لیے سائن بورڈز لگائیں جائیں گے۔














