وزیراعظم کاکالام اورسوات کا دورہ ،متاثرین سیلاب کیلئے 10 ارب روپے کااعلان

کالام (ویب ڈیسک ،خبرایجنسی) وزیراعظم شہبازشریف نےخیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افرادکے لئے پچیس

ہزارروپے فی کس کی فراہمی کی مد میں وفاق کی جانب سے 10 ارب روپے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرہ سے نکل گیا، اللہ کرے کہ پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو۔ہم پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویاہوا مقام واپس دلانے کے لئے کوشاں ہیں،اللہ تعالی نے پاکستان کو انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ ان علاقوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو جمعرات تک نکال لیں گے۔
بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کالام اور سوات کا دورہ کیا۔وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام ، ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی ، نجم الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم نے کہا کہ آج میں خیبر پختونخوا کے دورہ پرآیا ہوں لوگوں سے ملا ہوں۔ان سے بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی اسٹاف نے بھی یہاں کادورہ کیا۔سندھ بلوچستان میں بارشوں سے تباہی ہوئی ایک ہزار سے زیادہ لوگ جاں بحق ہوئے۔تمام میدانی علاقے سمندر کا منظر پیش کررہے ہیں،ہزاروں لوگ زخمی ، لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔7 لاکھ جانور پانی میں بہہ گئے۔ لاکھوں ایکڑ اراضی پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔کھجور کےدرخت،چاول کپاس کی فصل تباہ ہوئی۔انہوں نے کہا لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے پناہ لئے ہوئے ہیں۔پوری قوم کی کاوش سے انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے۔میں صوبائی حکومتوں،پاک فوج اور اینڈی ایم و پی ڈی ایم کو شاباش دیتا ہوں جو متاثرین کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکیں اور پل ٹوٹ گئے ،بجلی کانظام درہم برہم ہوا ہے۔ وزیر توانائی سندھ اور سیکرٹری بلوچستان میں ہیں۔ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے بھرپور انداز میں فعال ہیں۔
انہوں نے کہا وفاقی حکومت 28 ارب روپے این ڈی ایم اے اوربی آئی ایس پی کے ذریعے دے رہی ہے۔سندھ و بلوچستان میں25 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے تقسیم جاری ہے ۔سندھ15 ارب اور بلوچستان کے لئے 10 ارب روپے فراہم کئے ہیں،نقصان اس سے بھی زیادہ ہے ، مزید رقم فراہم کریں گے۔باقی صوبوں میں بھی رقم کی فراہمی شروع کررہے ہیں۔جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کو تین لاکھ روپے دے رہے ہیں،اس رقم سے بچھڑنے والوں سے ان کے نقصان کاازالہ تونہیں ہو سکتا لیکن حکومت کا یہ فرض ہے اور ہم یہ فرض نبھا رہے ہیں۔فصلوں کے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 ہزار کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں تباہ ہوئی ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوالئے 10 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا تاکہ این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر یہ رقم متاثرین میں تقسیم ہو۔ہماری اتحادی حکومت ہے ،ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہےکہ عوام کواس مشکل سے نکالنے کے لئے ہر ممکن کاوش کریں،اس کی نگرانی خود کروں گا
انہوں نے کہا کہ امریکا نے 30 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کریہ امداد تقسیم کررہی ہے۔متاثرین کے لئے ملنے والی امداد امین بن کر متاثرین تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے وزارت خارجہ کی اپیل پر 160 ملین ڈالر کا پروگرام بنایا۔عالمی ادارے،ڈونرز بھی اپنا حصہ ڈالیں گے۔ ۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کانجو میں سیلاب سے 22 افراد جاں بحق ہوئے،کالام میں165 گھر تباہ ہوئے ہیں۔ و
زیراعظم جرمنی سے آئے ہوئے سیاح خاندان سے بھی ملے۔انہیں بتایا گیا کہ یہاں 600 سے 700 تک سیاح ابھی موجود ہیں جنہیں کل تک نکال لیا جائے گا۔وزیر اعظم نے سیاحوں سے ملاقات بھی کی۔ان کو دی جانی والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔انہیں بتایا گیا کہ بھاری مشینری سے بحالی کاکام جاری ہے۔ہماری پہلی ترجیح سڑکوں کی بحالی ہے۔