
کراچی ( نمائندہ رنگ نو)الخدمت کراچی کےشعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نےسندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں
امدادی کاموں کا آغازکردیاہے ۔
الخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی ٹیم گزشتہ روز سکرنڈ پہنچ گئی اور وہاں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، ریلیف کی سرگرمیوں کے حوالے سے الخدمت کی مقامی ٹیم کے ہمراہ جائز ہ لیا اور اگلے مرحلے میں ریلیف کے کاموں کی منصوبہ بندی کی۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم سکھربھی پہنچی اوروہاں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کی صورتحال کاجائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کیلئےفوری طور پر ایک بڑے کچن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے،جہاں سے سیلاب متاثرین کو تینوں وقت کھانے کی فراہمی کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔
الخدمت کی ٹیم منیجرڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ کی قیادت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ پر پہنچی ،جہاں اس نے سیلاب متاثرین کو کھلے آسمان تلے پایا ۔ دریں اثنا چیف ایگز یکٹوالخدمت نوید علی بیگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الخدمت کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مقامی طور پر کام جاری ہیں، تاہم الخدمت کراچی اس میں اپنا بھر پورکردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں لوگوں کوخشک راشن ،کھانے،صاف پانی ،ٹینٹ اور نقدرقوم کی ضرورت ہے۔ اہل خیر الخدمت سے ان چیزوں کی صورت میں یا نقد رقوم کی صورت میںسیلاب متاثرین کی مدد کر سکتے ہیں ۔
نوید علی بیگ نے کہا یہ سیلاب اہل بلوچستان ،سندھ وپنجاب کیلئے بڑی آزامائش ہے اوروہ اس آزمائش کے باعث اپنے گھروں ،جانوروں اور دیگر املاک سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں مل کر متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کر نی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اہل خیراس متاثرین سیلاب کی فوری مدد کیلئے اس کا ساتھ دیں ۔




































