
کراچی ( تصویر کہانی :زین صدیقی )کراچی میں آج کل 10روپے کلو پھل کی فروخت کے چرچے
ہیں ۔مزار قائداعظم (نمائش چورنگی )کے قریب واقع علاقے جیل چورنگی پر چند لوگوں نے ماہ مقدس رمضان المبارک میں شہریوں کو سستا فروٹ وہ بھی 10روپے کلو میں فروخت کر نے کا بیڑا اٹھا یا ہے ۔ان پھلوں میں سیب جیسا مہنگا پھل ،خربوزہ ،کیلے اور دیگر پھل شامل ہیں ،ایک کلو کے شاپنگ بیگ میں کم و بیش 6پھل ہوتے ہیں ۔سستا پھل فروخت کرنے والوں کا مقصد تو بہت واضح ہے کہ وہ ماہ مقدس میں لوگو ں کو ریلیف فراہم کرنا اور نیکیاں کمانا چاہتے ہیں اور پھل کی فرخت کیلئے اسٹال لگانے والے منتظمین یہ بھی بتاتے ہیں کہ وہ یہ کام زکوٰ ٰة کی رقم سے کر رہے ،نہ ہی خیرات اور عطیات سے بلکہ یہ کام وہ اللہ کی رضا کیلئے کر رہے ہیں ۔اس لیے اس سے ہرشہری استفادہ کر سکتا ہے۔
یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ 10روپے کلو میں انتہائی معیاری پھل فراہم کیا جا رہا ہے،کیونکہ رمضان المبارک میں 10روپے کا پھل ملنا ناممکن ہے ،اسی ماہ میں پھل اور دیگر اشیا مہنگی فروخت کی جارہی ہو تی ہیں ،لہٰذاپھل بیچنے والوں کا یہ جذبہ انتہا ئی قابل قدر ہے اور اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔
زیر نظر تصویر بھی اسی جیل چورنگی پر واقع فروٹ کے اسٹال کی ہے اور یہ اسٹال چاروں طرف قنات لگا کر بنایا گیا ہے ۔اس اسٹال کے دوجانب بنی قطاروں میں مر داور خواتین موجود ہیں ۔قطاروں میں سیکڑوں لوگ پھل کے حصول کے خواہاں ہیں۔ بہت سے لوگ جیل چورنگی کے اطراف کے علاقوں سے بھی آئے ہوئے ہیں ۔کئی مردوں نے تو اپنی خواتین اور بچوں کو بھی لائن میں لگایا ہوا ہے اورخود مردوں کی لائن میں کھڑے ہیں ۔
پورے پاکستان کا ایک مسئلہ نہایت ہی قابل توجہ اور باعث افسوس ہے ،جو ہم نے کورونا کی پہلی لہر میں دیکھا تھا کہ جب کورونا کی پہلی لہر آئی تو لوگوں نے اپنے گھروں میں راشن کے انبار لگا لیے۔ راشن خرید کر گھروں میں ذخیرہ کر نے کا ان کا انداز ایسا تھا کہ شاید انہیں آئندہ کبھی راشن نہیں ملے گا ۔ہر فرد کو اپنی پڑی تھی کہ اس کے گھر کار راشن پورا ہوجائے ،مگر ہم نے ایسے لوگوں کو بھی دیکھا جو اپنی فکر سے مبراتھے اور دوسروں کو راشن پہنچانے کی جستجو کر رہے تھے ۔
بلامبالغہ ہم یہ بات بھی آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ کراچی جسے غریب کی ماں کہا جاتا ہے یہ پاکستان کا وہ واحد شہر ہے،جہاں ایک غریب شخص رمضان کے سوا ساراسال150 روپے میں تین یا چار پھل خرید کر کھا سکتا ہے ۔ماہ مقدس میں لوگوں کا خیال رکھنے والے اور سستا پھل فراہم کرنے والے تو یقینامبارک باد کے مستحق ہیں ،مگر جو لوگ سستے پھل کے حصول کیلئے غلط طریقہ اختیا کر رہے ہیں وہ قطعی درست عمل نہیں ۔
اس طرز عمل سے طویل قطاروں کا لگنا اور حقیقی ضرورت مندوں کا اپنی باری کے انتظار میں زحمت اٹھانا تکلیف کا باعث ہے ۔ہماری ایسے لوگوں سے درخواست ہوگی کہ وہ ماہ مقدس میں اپنا نہیں دوسروں کا بھی سوچیں کیونکہ اس ایک چھوٹے سے عمل سے آپ کو 10روپے کے پھل کے بجائے 70گنا ثواب مل سکتا ہے۔














