حکمرانوں نے 10 ماہ میں بیرونی قرضوں کے ریکارڈ توڑ دیئے،محمد حسین محنتی

ٹنڈوآدم(رپورٹ: سلمان غوری) جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سودی

معیشت اللہ کا عذاب ہے جس سے نجات اور شریعت کے نفاذ کے بغیر ملک وقوم مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتے، رمضان جشن قرآن اور اسلامی فتوحات کامہینہ ہے۔

جماعت اسلامی ٹنڈوآدم کے تحت منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہروزہ مسلمانوں کی روحانی تربیت کرتا ہے، پورا سال رمضان کی طرح گزارا جائے تو معاشرہ جنت اور انسان بہت سارے مسائل سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔قبل ازیں ضلعی امیر رفیق احمد منصوری، عبدالعزیز غوری ،مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری ودیگر نے بھی خطاب کیا

۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ مہنگائی وتوانائی بحران کے خاتمے سمیت نوکریوں اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ،قرض نہ لینے کے دعویدار حکمرانوں نے دس ماہ میں بیرونی قرضہ لینے کے تمام رکارڈ توڑدیا ہے،ڈالر کی اڑان روپے کی بے قدری اور بے تحاشہ بیرونی قرضہ لیکر عملی طور پر ملک وقوم کو مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے نجات کا واحد راستہ قرآن وسنت کا نفاذ ہے، جس کیلئے جماعت اسلامی اپنے قیام سے جدوجہد کررہی ہے، عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر اپنا اور ملک کا مستقبل محفوظ بنایا جائے۔

اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، پریس کلب ٹنڈوآدم کے صدر شیراز سموں، نائب صدر جاوید مصطفیٰ، جنرل سیکریٹری امداد راہی، وقاص یوسفزئی ،عمر فاروق قریشی سمیت شہریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی