حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کے 100 سے زائد قیدی رہا کردئیے

پشاور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر

دیا ،جن میں اکثریت کا تعلق انٹرمنٹ سینٹرز سے ہے۔ اعلیٰ سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے میڈیار پورٹ کے مطابق حکومت نے تحریک طالبان کے 100سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
رہائی پانے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو حکومت کے قائم کردہ انٹرمنٹ سینٹرز میں اصلاح کے عمل سے گزر رہے تھے اور انھیں 6ماہ کی اصلاحی عمل کی تکمیل سے پہلے رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والے دیگر قیدیوں میں پیدل سپاہی شامل ہیں۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ تحریک طالبان ( جن کے ساتھ حکومت کے مذاکرات جاری ہیں ) کے مطالبے پر نہیں کیا بلکہ طالبان کی جانب سے یکم نومبر کو سیز فائر کے اعلان کے بعد خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے بتا یا کہ ابھی تک حکومت پاکستان یا اس کے نمائندوں کے تحریک طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے بلکہ مذاکرات کا سلسلہ دونوں طرف کیلیے قابل قبول مذاکرات کاروں کے ذریعے کیا جا رہا ہے، ایک اعلیٰ سیکیورٹی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ماضی کو دیکھ کر اپنی جانب سے کیا ہے اور طالبان کی جانب سے کوئی شرط نہیں عائد کی گئی تھی۔