
کراچی ( نمائندہ رنگ نو) الخدمت کے تحت کراچی ایکسپو سینٹرمیں” پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2021“میں اسٹال لگا یا گیا ہے،جہاںنمائش
کے پہلے روز الخدمت کے اسٹال پر لوگوں کا رش رہا اور بڑی تعداد میں ٹیسٹ کیے گئے ۔
اسٹال پر الخدمت کے فارمیسی ،ہیلتھ اور ڈائیگنو سٹک سروسز کے نمائندے موجودتھے ۔ نمائش کے پہلے روز اسٹال پر بڑی تعداد میں لوگوں کے بلڈ پریشر،کولیسٹرول ،شوگر، وزن اوربی ایم آئی کے ٹیسٹ کیے گئے ۔
اس موقع پر اسٹال پر آنے والے تمام افراد کو فارمیسی ،ڈائیگنوسٹک اور صحت سمیت دیگر سروسز سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ۔دریں اثنا ایگز ایکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے اسٹال کادورہ کیا ۔اس موقع پر خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں صحت کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ الخدمت کے اسپتال ،کلینکس ،صحت مراکز کے ساتھ ساتھ ڈائیگنوسٹک سینٹرز بھی لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں ۔
راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کے پاس ٹیسٹ کی جدید اور معیاری سہولتیں موجود ہیں ،جس سے ماہانہ ہزاروں افراداستفادہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں فارمیسی سروسزدستیاب ہیں، جہاں دوائیں% 15تک رعایت پردی جاتی ہیں ۔الخدمت ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری بھی قائم کر رہی ہے،جہاں میموگرافی ،ڈیسکا ،سی ٹی اسکین اورایم آر آئی سمیت دیگر تمام اہم ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔
راشد قریشی نے کہا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2021“کا انعقاد خوش آئند ہے ،جس سے فارما انڈسٹری اورشعبہ صحت سے اداروں اور ان کی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی ۔یادر رہے کہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2021“جمعرات 25نومبر تک جاری رہے گی ۔لوگ الخدمت کے اسٹال پر آکر بلڈ پریشر،کولیسٹرول ،شوگر ، وزن اوربی ایم آئی کے ٹیسٹ مفت کروا سکتے ہیں ۔




































