الخدمت کے تحت 200 یتیم بچوں کو عید کی شاپنگ کروائی گئی

کراچی (نمائندہ رنگ نو ) الخدمت کے تحت آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ  200یتیم بچوں کو

عیدالفطر کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے کرچی کےبڑے ڈپارٹمنٹل اسٹور "چیز " میں شاپنگ کروائی گئی اور انہیں عیدی بھی دی گئی۔ اس موقع پرامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے"چیز "ڈپارٹمنٹل اسٹور کا دورہ کیا۔

خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا الخدمت بلاتفریق انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت خدمت کا بڑا کام ہے۔الخدمت کے تحت ملک بھر میں کفالت یتامیٰ پروگرام کے ذریعے 12ہزار سے زائدیتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے،جبکہ کراچی میں الخدمت ایک ہزار 174بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ ہر بچے کی کفالت پر 4ہزار روپے ماہانہ اور 48ہزار روپے سالانہ خرچ کیے جاتے ہیں،جس سے ان بچوں کی ان کے گھروں پر تعلیمی ودیگر ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔

اس موقع پر الخدمت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملا نی،سینئر منیجر ریسورس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل،شہباز اسلام،جنر ل منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشنزسوئی سدرن گیس کمپنی،جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،انجینئر افضال احمد اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

خریداری کے موقع پر بچوں کی مائیں اوران کے سرپرست بھی موجود تھے،جبکہ جے آئی یوتھ کی والنٹیززنے خریداری میں ان کی مدد اور رہنما ئی کی۔ اس موقع پر شاپنگ کرنے والے ان بچوں کی خوشی دیدنی اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ نمایاں تھی۔ ماؤں اور بچوں نے الخدمت سے بھرپور اظہار تشکر کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ 15رمضان المبارک کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یتامیٰ منایا جاتا ہے۔یہ الخدمت کا اعزاز ہے کہ اس نے دنیا بھر میں یہ دن منانے کیلئے جدوجہد کی اور اس کے نتیجے میں آج ہر سال تمام عالم اسلام میں 15رمضان کو یہ دن منا یا جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت ملک بھر میں آغوش ہوم بھی قائم ہیں،جہاں یتیم بچوں کو نہ صرف رہا ئش فراہم کی جاتی ہے بلکہ ان کو تعلیم وتربیت،کھانا،صحت اور تفریح کی سہولتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں اورگھر جیسا ماحول فراہم کیا جا تا ہے، ان آغوش ہومز میں تمام تعلیمی ورہائشی سہولتیں 18سال تک کی عمرکے بچوں کو دی جاتی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں بھی آغوش ہوم تعمیر کر دیا گیا ہے،جس کا آغاز جلد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت سنت بنوی ؐ ہے،ہمارے بنی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم بھی یتیم تھے۔لہٰذا پورے معاشرے کو اس سلسلے میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے ان یتیم بچوں کو شاپنگ کروانے کا مقصدیہی ہے انہیں عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کیا جائے اور انہیں اپنے ہاتھوں سے خریداری کا موقع فراہم کیا جائے،تاکہ یہ بچے کسی بھی طرح مایوسی کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ الخدمت کے کفالت یتامی ٰپر وجیکٹ میں تعاون کریں۔