
کراچی:ایڈیشنل آئی جی نے شہرِ قائد میں چیکنگ اور ناکے لگانے کے لیے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردیں،
شہریوں کی تذلیل کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مقام پر چیکنگ کے لیے ناکہ بندی پوائنگ پرڈی ایس پی، ایس ایچ او یا کسی اور ذمے دار پولیس افسر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔شہر میں پولیس کے ناکے یا چیکنگ کہاں کہاں ہوں گی، علاقوں اور مقامات کی لسٹیں بناکر اعلیٰ پولیس حکام کو بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔
شہریوں کی تکریم کو ملحوظِ خاطر رکھنے کے لیے پولیس چیف کی جانب سے دی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکار شہریوں کی عزت و تکریم کا ہر ممکن خیال رکھیں، چیکنگ کرنے والے پولیس اہلکارترش یا رعب داراورحاکمانہ اندازِ گفتگو ہرگز استعمال نہ کریں۔
ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ویران مقامات پر انفرادی چیکنگ اور شہریوں کو تنگ کرنے کا عمل مکمل ختم کیا جائے۔ چیکنگ کے بہانے نکاح ناموں کی طلبی، یا منہ سونگھ کر شہریوں کی تذلیل کرنے والے پولیس اہلکاروں کےخلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔














