
کراچی(رنگ نو ڈاٹ کام) لگتا ہے بادلوں کو کراچی والوں کی میزبانی پسند آگئی،آج سے شہر قائد
میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کردی گئی۔ کراچی میں آج پیر کو ہلکی بارش اور بوندا باندی،جبکہ بدھ اور جمعرات کو تیز بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے چیف کراچی میٹ عبد الرشید کے مطابق اتوار کو کراچی میں مغرب سے آنے والا سسٹم داخل ہو گیا جس کے باعث مطلع ابر آلود اور ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
عبد الرشید کے مطابق بدھ اور جمعرات کو شہر میں تیز بارش کا امکان ہے جس کے بعد یہ سسٹم نکل جائے گا اور موسم معمول پر آجائے گا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے 19 تا 26 فروری بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔
ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو رات گئے تک جاری رہا۔ آج کوئٹہ، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔














