تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ منظور، ینگ ڈاکٹرزنے ہڑتال ختم کردی

کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) لاکھوں مریضوں کو چاردن تک تڑپانے اور کئی انسانی جانوں کا نذرانہ لینے کے بعد سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں

کام کرنے والے ینگ ڈاکٹرز نے صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ منظور کئے جانے کے بعد ہڑتال ختم کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیرمرتضٰی وہاب سے ملاقات اورمطالبات پورے کرنیکی یقین دہانی پرینگ ڈاکٹرزنے ہڑتال ختم کرنے اورتمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز اورآپریشن تھیٹرزفعال کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

۔مرتضیٰ وہاب  نے کہا کہ سندھ کے ڈاکٹروں کی تنخواہ پنجاب کے ڈاکٹروں کے برابرکردی گئی ہے تاہم اسکی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائےگی،جس کے بعد ڈاکٹروں کی نئی تنخواہوں کا اطلاق ہوجائے گا۔ ڈاکٹرزکی ہڑتال سے سرکاری اسپتالوں میں عوام کو پریشانی کا سامنا تھا،ڈاکٹرزکو ہڑتال جیسے سخت اقدام سے گریزکرنا چاہیئے،او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند کرنے سے کسی کا فائدہ نہیں بلکہ مریضوں کا نقصان ہے.

انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا جمہوری حق مگراسپتالوں میں ہڑتال جیسے سنگین اقدام کی کسی سطح پرحوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیئے،امید ہے طب جیسے مقدس پیشے سے وابستہ افراد آئندہ اپنے مسائل مذاکرات سے حل کرنے کو ترجیح دیں گے۔