
ٹنڈوآدم( سلمان غوری)الخدمت فاؤنڈیشن ٹنڈوآدم کے تحت منعقد کیا گیا تین روزہ مفت آئی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔
آئی کیمپ تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم میں لگایا گیا۔ کیمپ میں 825 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت دوائیں دی گئیں اور کھانا فراہم کیا گیا کیمپ 82 افراد کے مفت آپریشن کیے گیے اور لینس لگائے گئے۔
مفت آنکھوں کے کیمپ میں نوابشاہ کے معروف آئی سرجن ڈاکٹر عبداللطیف چنا،حیدرآباد کے آئی سرجن ڈاکٹر غلام مجتبٰی اور ٹنڈوآدم کے آئی سرجن ڈاکٹرعبدالوحید نےمریضوں کا معائنہ کیا۔ جس کے بعد 82 افراد کے آپریشن تجویز کرنے کے ساتھ ادویات بھی دی گئیں۔
کیمپ کا افتتاح چیئرمین مونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسروراحسن غوری اور معروف علمی وسماجی شخصیت سید اقبال علی نےکیا ۔ایم ایس تعلقہ اسپتال ڈاکٹر شگفتہ میمن، جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب امیر مشتاق احمد عادل، امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم حاجی نور حسن، انجمن تاجران کے صدر محمد اقبال بھٹی، عبدالستار انصاری، جہانگیر راجپوت، رضوان غوری سمیت دیگر نے کیمپ کا دورہ کیا.
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع سانگھڑ کےصدر سید توحید احمد شاہ ایڈووکیٹ نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غربت اور مہنگائی کے پیش نظر ہم نے ہر سال کی طرح اس سال بھی آنکھوں کےمعائنے اور آپریشن کا فری کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا اور اللہ کا شکر ہے کہ اس کیمپ سے گزشتہ چار سال میں ہزاروں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم غریب لوگوں کی تکالیف دورکرکےاللہ کی خوشنودی حاصل کریں۔
انہوں نے اس موقع پر کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز علی جتوئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری ،ایم ایس تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم ڈاکٹر شگفتہ میمن اوردیگر معززین اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مالی تعاون فرمائیں تاکہ زیادہ سےزیادہ غریب، نادار، اور مستحق افراد استفادہ حاصل کرسکیں.














