الخدمت کے تحت پانی کے عالمی دن پر آگہی واک کا انعقاد

 کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام ) الخدمت کراچی کے تحت ”پانی کے عالمی دن“ کے موقع پر جمعہ کو شاہراہ فیصل سے متصل سڑ ک پرآگہی واک منعقد کی گئی

،جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کی ۔واک میں ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ودیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پانی سنگین مسئلہ بن چکا ہے جسے ہنگامی بنیادوںپر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان میں پانی کامسئلہ پرانا ہے ،مگر بدقسمتی سے اس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات نہیں کیے گئے ،ڈیم بنانے کی باتیں ہورہی ہیں ،فنڈز بھی جمع کیے گئے،اللہ کرے یہ منصوبہ مکمل ہواورپانی ذخیرہ ہو تاکہ بحران ختم ہوسکے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں لوگوں کو پانی کے مسائل درپیش ہیں ،کہیں آلودہ پانی ہے کہیں موجود ہی نہیں ہے اورلوگ مصائب کا شکار ہیں ۔

پانی انسان کی زندگی لازمی جز ہے ،لہٰذااس سے متعلق مسائل بھی حل کرنے ہوں گے ۔ڈیمز تعمیر کر نے ہوں گے اورپانی کے ضیا ع کو بھی روکنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے ملک بھر میں پانی کے 8500 سے زائد منصوبے کام کررہے ہیں ۔اس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں 41واٹرفلٹریشن پلانٹس قائم ہیں ،جہاں سے یومیہ ہزاروں افر اد استفادہ کررہے ہیں ،یہ ایک مستحسن عمل ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ نیکی کے کاموں میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔