ملک بھر کی طرح ٹنڈو آدم میں بھی یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا

ٹنڈوآدم (رپورٹ:سلمان غوری)ملک بھر کی طرح یوم پاکستان ٹنڈوآدم میں بھی بڑے جوش وخروش سے منایا گیا.

شہرکے تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے سٹی ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈوآدم اور حرا پبلک اسکول ٹنڈوآدم کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جو شہر کے مختلف علاقوں سے گذرتی ہوئی پریس کلب پہنچی۔

 ریلی میں ایس ایچ او سٹی حاجی محمد اسلم بلو، گسٹا کے رہنماؤں غلام قادر کھوسو، تعلیمی افسر لیاقت علی چانڈیو، سینئر سائنس ٹیچر حاجی محمد حنیف شمس، ایڈمنسٹریٹر سٹی اسکول مرزا اشفاق بیگ،پریس کلب کے سابق صدور وسیم فاروقی، غلام شبیر پنھور، ٹریفک پولیس انچارج شمن، سٹی تھانے سے اللہ بخش ڈومکی، نیو علیگڑھ کالج کے پروفیسرز عبداللہ ایندھڑ، احمد بلال غوری پرنسپل سٹی اسکول راجہ غلام مجتبٰی کاکا، ٹنڈوآدم بار ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری راشد علی خان ایڈووکیٹ، سینیئر اساتذہ راؤ ناصر علی، محمد یوسف چندریگر، محمد طلحہ شیخ، سمیت سینکڑوں طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔

طلبہ نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان سے عقیدت و محبت، پاک فوج، پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

 پریس کلب پرطلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مرزا اشفاق بیگ، عمران غوری،غلام قادر کھوسو ،حاجی محمد حنیف شمس، پروفیسر عبداللہ ایندھڑ، پروفیسر احمد بلال غوری، لیاقت چانڈیو، راجہ غلام مجتبٰی کاکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قرارداد پاکستان منظور کراکر پاکستان کی بنیاد رکھ دی تھی انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کیا تھی ایک سیلاب تھا جذبات کا ایک مینار تھا کردار کا ایک ضرب تھی کلمہ طیبہ کی، ایک نعرہ تھا توحید کا جس سے کفر و شرک الہاد و دہریت وطنیت و قومیت کے پرستاروں پر ایک ضرب کاری لگی، پھر سر کٹے صلیب سجے تہذیب و تمدن کے نشان مٹے، یہی پاکستان تھا جس مسجدیں ویران اور خانقاہیں برباد ہوئیں، یہی پاکستان تھا جس کیلئے ہمارے آباواجداد نے آگ وخون کے دریا عبور کئے. انہوں نے کہا کہ طاقت مڑنے کا نام نہیں ہے موڑنے کا نام ہے دنیا میں وہی قومیں زندہ رہنے کا حق رکھتی ہیں جس کے جوانوں کے دل شہادت کیلئے مچلتے ہیں ہماری تاریخ شہداء کی تاریخ ہے بہادروں اور جیالوں کی تاریخ ہے آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی پاک فوج، رینجرز و پولیس کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

 اس موقع پر سٹی اور حرا اسکول کے طلبہ مہتاب فضل مری، طلحہ قریشی اور سمیر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر رینجرز اور پولیس کیجانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔