
ملتان (رپورٹ وتصاویر:محمدطلحٰہ صدیقی)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جشن بہاراں کی3روزہ رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید اور ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے فیتہ کاٹ کر جشن بہاراں کا افتتاح کیا۔ قلعہ کہنہ قاسم باغ میں افتتاحی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں امن کا پیغام عام کرنے کیلئے ہزاروں کبوتر اور غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔ اس موقع پر بلوچی ڈانس ،جھومر پارٹی اور دیگر پرفارمنس بھی پیش کی گئیں۔

صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے پھولوں کےسٹالز کا بھی معائنہ کیا، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں شہریوں کی تفریح کا بہترین پروگرام ہے۔ موجودہ حالات میں پوری قوم متحد ہے اورد نیا کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ ہم پرامن اور زندہ قوم ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کلین اینڈ گرین پاکستان کو عملی جامہ پہنائیں گے،پہلے روز کبڈی میچ،میوزیکل پروگرام اور صوفی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔

۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک نے بریفنگ دی۔
چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ موجودہ حکومت صفائی اور شجرکاری پر بہت زیادہ توجہ دے رہی ہےجس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔تقریب میں سی پی او محمد عمران اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوآغا ظہیر عباس شیرازی سمیت ضلعی حکام اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نےشرکت کی۔

دریں اثناء واسا کی طر ف سے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر شہریوں کی آگاہی کے لیے کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے جس میں فراہمی ونکاسی آب سے متعلق آلات

اور کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں حفاظتی کٹس ،سامان اور دیگر اشیاء معائنہ کے لیے رکھی گئی ہیں، صوبائی وزیر محمود الرشید نے واسا کے پھولوں کے سٹال اور آگاہی کیمپ کا بھی معائنہ کیا اس دوران منیجنگ ڈائر یکٹر واسا رائو محمد قاسم نےبریفنگ دی۔














