
کراچی (رنگِ نوڈاٹ کام )نیوز ایکشن کمیٹی نے صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے صدر ،وزیراعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات و
نشریات فواد چوہدری کو خطوط ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔خطوط کے ذریعے ملک کی مقتدر شخصیات کو میڈیا بحران سے پیداہونے والی صورت حال اور صحافیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جائے گا ۔
اس بات کا فیصلہ نیوز ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ،جس کی صدارت کنوینر عمیر علی انجم نے کی ۔اجلاس میں ملک بھر سے نیوز ایکشن کمیٹی کے قیام پر صحافیوں کی جانب سے آنے والے خیر مقدمی پیغامات کو سراہا گیا ۔
عمیر علی انجم نے کہا کہ ان پیغامات سے واضح ہورہا ہے کہ صحافی برادری کا نیوز ایکشن کمیٹی پر اعتماد بڑھتا جارہا ہے ۔اس موقع پر مشاورتی کونسل کی اس تجویز سے اتفاق کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ میڈیا بحران کے حوالے سے صدر ،وزیراعظم اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو خطوط ارسال کیے جائیں ،ان خطوط میں ان شخصیات کو نہ صرف صحافیوں کے درپیش مسائل سے آگاہ کیا جائے گا بلکہ ان سے مطالبہ کیا جائے گا کہ حکومت اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے کہ آیا یہ بحران حکومت کا پیدا کرد ہ ہے یا پھر میڈیا مالکان اسے حکومت کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے بلیک میلنگ کے طو پر استعمال کررہے ہیں ۔
صدر ،وزیراعظم اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سے اپیل کی جائے گی کہ وہ اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے میڈیا مالکان کا اجلاس طلب کریں اور ان سے اس بات کی وضاحت طلب کی جائے اشتہارات کی مد میں ادائیگیوں کے باوجود صحافیوں کو بے روزگار کرنے کا سلسلہ کیوں جاری ہے ۔
ان خطوط میں ان شخصیات سے مطالبہ کیا جائے گا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صحافتی تنظیموں سے براہ راست بات چیت نہ کی جائے بلکہ وفاقی وزیراطلاعات بذات مختلف میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کا دورہ کریں اور وہاں مسائل کا شکار صحافیوں سے معلومات حاصل کریں جبکہ نوکریوں سے برطرف صحافیوں کی تفصیلات کے لیے نیوز ایکشن کمیٹی انہیں تمام معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔














