
میرپورخاص(رپورٹ :محمد ناصر اقبال) زیبسٹ اسکول اینڈ کالج کے زیراہتمام 7 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب کا انعقاد کیا گیا,جس میں سیکریٹری تعلیمی
بورڈ میرپورخاص اور ناظم امتحانات کے علاوہ اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
مقامی ہال میں منعقد ہونے والی زیبسٹ کی سالانہ 7 ویں یوم والدین کی تقریب میں اسکول کے بچوں نے مختلف موضوعات پر ٹیبلوز پیش کئے جبکہ پاک افواج اورکشمیر کے مسلمانوں سے اپنے ٹیبلوز کے ذریعے اظہار یکجہتی بھی کیا۔ طالبہ نے تعلیم،میڈیا اور دیگر شعبہ جات کے کردار کو بھی اپنے ٹیبلوز میں پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیمی بورڈ انیس الدین صدیقی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن فوزیہ میمن،زیبسٹ اسکول سندھ کے منیجرابو صفیان،پرنسپل اشفا ق حسین اجن اور دیگر نے کہا کہ جب ہم کوئی پیشہ اختیار کرتے ہیں تو سب سے پہلے ہمیں اس کے آداب سیکھنے ہوتے ہیں اور بنیادی تعلیم ایسا ذریعے ہے کہ جس سےانسان کے آداب زندگی سیکھنے میں بہت مدد ملتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم تعصب کو ختم کرکے آتی ہے اس لئے بچوں کو کسی بھی منفی سرگی میں پڑے بغیر بہتر تعلیم حاصل کرنا چاہیے اور میرپورخاص میں زیبسٹ اسکول کی جانب سے بچوں کو بہتر نصابی سرگرمی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بچوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تعلیم کے ذریعے اپنے معاشے میں سدھار پیدا کرنا ہے۔
سیکریٹری بورڈ انیس الدین صدیقی نے تقریب میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے طالب علموں کے لئے تعلیمی بورڈ کی جانب سے اسناد اور کیش انعامات دینےکا اعلان بھی کیا ۔منتظمین کی جانب سے انیس الدین صدیقی،ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ اور دیگر مہمانوں کو اجرک کے تحائف بھی پیش کئے گئے اس موقع پر زیبسٹ کی ڈپٹی منیجر میڈم ثانیہ،پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن کے صدر فیصل خان زئی،ڈپٹی کنٹرولر ذوالفقار علی،معید اسلم،امام بخش پنہور سمیت طلبہ و طالبات کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کے آخر میں اسکول اور بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے گئے۔














