
ٹنڈوآدم(رپورٹ: سلمان غوری)ڈکیتی کی بڑی واردارت میں ملوث ملزمان، معصوم بچی سےزیادتی، شوہر کے قتل میں ملوث بیوی
اور درجنوں سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کومیڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا،ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے کی نقدی واسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
پولیس اہلکاروں کو ان کی اچھی کارکردگی پر آئی جی سندھ اور ایس ایس پی سانگھڑ کی جانب سے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کردیا گیاہے
گزشتہ ہفتے شاہ فیصل اسٹریٹ ٹنڈوآدم میں واقع عدیل ارسلان شیخ کے گھر رات پونے تین بجے کے قریب چھ نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کرتے ہوئے نقد کیش، طلائی زیورات اور بانڈز وغیرہ لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
ٹنڈوآدم پولیس نے عدیل شیخ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرواکے تحقیقات کا آغاز کیا اور پولیس نے ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم، پرائز بانڈز، طلائی زیورات جن کی مالیت تقریبا 14 لاکھ بنتی ہے برآمد کرلی ہے۔

اس کے علاوہ ان کے قبضے سے ڈکیتی میں استعمال ہونے والا اسلحہ جس میں دو ٹی ٹی پسٹل شامل ہیں وہ بھی برآمد کیے گئے ہیں اور کراچی کے ایک کیس میں چوری ہونے والا پسٹل بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے خلاف ٹنڈوآدم تھانے پر دیگر مزید 4 کیس بھی داخل ہیں۔
اس کے علاوہ ٹنڈوآدم تھانے کی ہی حد میں گذشتہ دو روز قبل جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی 8سالہ بچی مبینہ بے ہوشی کی حالت میں کیلے کی فصل سے برآمد ہوئی تھی. بچی کے والد ندیم کھوسو کی فریاد پر کیس داخل کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور مشتبہ ملزم پیار علی کھوسو کو گرفتار کرکے تفتیش کی جس پر ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بچی کو کیلے کی فصل میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور بے ہوش ہونے پر چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا۔ جس پر بچی پوری رات کیلے کی فصل میں بے ہوشی کی حالت میں پڑی رہی تھی۔ جو اب تک ہسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں داخل اور زیر علاج ہے۔














