
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری، سیکریٹری جنرل شہزاد مظہر زیدی اور
جوائنٹ سیکریٹری محمد طارق خان نے کہا ہے کہ لانڈھی کراچی میں آئل ٹینکر کے الٹنے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات تشویشناک ہیں ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایک ماہ کے اندر تین بڑے ائل ٹینکر حادثات خطرے کی گھنٹی ہیں اور یہ حادثات کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتے ہیں۔
انتخا ب عالم ،شہزاد مظہر اور محمد طارق خان نے کہا کہ ہیومن رائٹس نیٹ ورک نے بڑھتے ہوئے آئل ٹینکر حادثات کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کے لئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اراکین سینیٹ سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے ۔
اراکین پارلیمنٹ کے نام کھلے خط میں اراکین کی توجہ آئل ٹینکر حادثات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی، مالی اور ماحولیاتی نقصان کی جانب مبذول کروائی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لیے اوگرا حفاظتی قوانین مروجہ 2009 پر بلا تاخیر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ اور معیار پر پورا نہ اترنے والے ٹینکرز کو تیل کی فراہمی بند کی جائے.۔














