
ٹنڈوآدم ( رپورٹ: سلمان غوری) نیکیوں کے موسم بہار کی آمد آمد ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس ماہ کی نیکیاں سمیٹنے
کیلئے بھرپور تیاری کریں ۔
ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد عظیم بلوچ ،سابق ضلعی امراء عبدالعزیز غوری، مشتاق احمد عادل ،عبدالغفور انصاری اور حاجی نور حسن نے ٹنڈوآدم میں جماعت اسلامی کی جانب سے کوثر مسجد میں استقبال رمضان پروگرام میں کارکنوں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک کیلئے مومن کے دل کے اندر خوشی اور مسرت ہے ۔ یہ وہ مبارک مہینہ ہےجس کا انتظار مسلمان سال بھر کرتے ہیں کیونکہ یہ نیکی، برکت، بخشش، عنایت، توفیق، عبادت، زہد، تقوی، مروت، خاکساری، مساوات، صدقہ وخیرات، رضائے مولی، جنت کی بشارت، جہنم سے گلو خلاصی کا مہینہ ہے ۔
اس ماہ مقدس میں مومن کے اندرفکرآخرت کے ذریعہ رب سے ملاقات کی خواہش بیدار ہوتی ہے ۔ یہ رب کی طرف سے اس پر ایمان لانے والوں کے لئے عظیم تحفہ ہے ۔
رمضان کا مہینہ بیحد عظیم ہے ، اس کی عظمت کا احساس اور قدر و منزلت کا لحاظ آمد رمضان سے قبل ہی ذہن ودماغ میں پیوست کرلیا جائے تاکہ جب رمضان میں داخل ہوں تو غفلت، سستی، بے اعتنائی، ناقدری، ناشکری، احسان فراموشی اور صیام وقیام سے بے رغبتی کے اوصاف رذیلہ نہ پیدا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اتنی عظمت وقدر والا مہینہ ہے کہ اس کی ایک رات کا نام ہی قدرو منزلت ہے رمضان المبارک اللہ تعالی' سب سے پڑا احسان ہے اس امت پر اور یہ نیکیاں کمانے کا سیزن ہے رمضان سے قبل رمضان کی تیاری کرنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن پاک اتارا گیا رمضان المبارک رب کو منانے کا مہینہ ہے تمام امت اس مہینہ میں رب سے اپنی گناہوں کی معافی مانگیں اور اپنے ملک کی سلامتی اور مسلم امت کے لیئے خصوصی دعائیں کرے۔
اللہ تعالی ہمیں رمضان کا بہترین استقبال کرنے ، اس مہینے سے ہرطرح کا فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے اور رمضان میں بکثرت اعمال صالحہ انجام دینے کی توفیق دے اور ان اعمال کو آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے.














