
کراچی(ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدرسید شاہ محمدشاہ نے کہاہے کہ
مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے ہرطرح کی ڈیل کومستردکردیاہے، سرکاری مشینری مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف گھٹیا اور زہر یلا پروپیگنڈا کر ہی ہے ،ناکام اور نالائق وزیر اعظم اس کے قابل ہی نہیں ہیں کہ ان سے کوئی بات کی جائے۔
مسلم لیگ ہائوس کر اچی میں گزشتہ روز صوبائی عہدیداران اور ضلعی عہدیداران کا اجلاس صوبائی صدرسید شاہ محمد شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئرنائب صدر علی اکبرگجر،قائم مقام جنرل سیکرٹری چوہدری طارق سمیت سندھ کے عہدیداران ، کراچی کے تمام اضلاع اور دیگرونگزکے عہدیداران نے شرکت کی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید شاہ محمدشاہ نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیر اعظم جھوٹا اور مکار ہے،میا ں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ایک ہیں اوران کا موقف بھی ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) اپنے قائد نواز شریف کے حکم پرآزادی مارچ میں مولانافضل الرحمن کا بھرپورساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اے پی سی کے تمام فیصلوں کی کار بند رہے گی اور مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں ۔انہوں نے جو بھی پروگرام دیا ان کے ساتھ ہوگی ۔آزادی مارچ سے انشاء اﷲ ہٹلرثانی عمران خان کا بوریا بستر گول ہوجائے گا۔














