
اسلام آباد (ویب ڈیسک )ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور انٹرنیشنل فاونڈیشن آف ہیومن رائٹس نے پاکستان میں
سزائے موت سے متعلق ایک مشترکہ رپورٹ تیار کی ہے ،جس میں موت کی سزا پانے والے قیدیوں کی حالت زار اور جیلوں میں ناقص انتظامات کا ذکر کیا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں پر موت کی سزا پر سب سے زیادہ عمل درآمد کیا جاتا ہے ۔
فوجی عدالتوں نے 306 مقدمات کا فیصلہ سنایا اور ان میں سے 56 افراد کی سزاوں پر عمل ہوا،بشاور ہائی کورٹ سے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 70 افراد کی سزاوں پر عمل درآمد روکنے کا بھی تزکرہ کیا گیا ہے رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیلوں میں خواتین قیدی کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے انتظامات غیر تسلی بخش ہیں۔ ماورائے عدالت قتل اور سکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہلاکتوں کا سختی سے نوٹس لینے کی سفارش کی گئی ہے اور یہ نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ ساہیوال میں بچوں کے سامنے قتل ہونے والے چار افراد کے ورثا آج بھی انصاف کے منتظر ہیں ۔اس رپورٹ میں جہاں ایک طرف قانون میں پائی جانے والی خامیوں کا ذکر ہے تو وہیں دوسری طرف پولیس افسران کی طرف سے مقدمات کی ناقص تفتیش اور متعقلہ عدالتوں میں استغاثہ کی کمزوریوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مشترکہ رپورٹ میں ایسے 32 قوانین ہیں جن کی خلاف ورزی پر موت کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔سابق فوجی صدر ضیا الحق کے دور میں سب سے زیادہ ایسے قوانین متعارف کروائے گئے جن میں موت کی سزا دی جا سکتی تھی۔اس رپورٹ کے مطابق سنہ 2015 میں پاکستان کی مختلف عدالتوں نے 418 افراد کو پھانسی کی سزا سنائی اور 333 افراد کو پھانسی دی گئی۔سنہ 2016 میں 425 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی اور 89 افراد کو پھانسی دی گئی۔سنہ 2017 میں مختلف عدالتوں نے 260 افراد کو موت کی سزا سنائی اور عدالتی فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے 64 افراد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔سنہ 2018 میں 347 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی اور 14 افراد کو پھانسی دی گئی جبکہ رواں سال اگست کے مہینے تک مختلف عدالتوں نے 333 افراد کو موت کی سزا سنائی ہے اور اب تک آٹھ افراد کو پھانسی دی گئی ہے۔اس عرصے کے دوران فوجی عدالتوں نے 306 مقدمات کا فیصلہ سنایا اور ان میں سے 56 افراد کی سزاوں پر عمل ہوا۔
رپورٹ میں پشاور ہائی کورٹ کے ایک ڈویژن بینچ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں انھوں نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 70 افراد کی سزاوں پر عمل درآمد روک دیا۔رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ گزشتہ 20 برس کے دوران مختلف عدالتوں نے 33 خواتین کو موت کی سزا سنائی ہے تاہم ان میں سے کسی ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ جن خواتین کو موت کی سزا سنائی گئی ان پر زیادہ تر منشیات اور گھریلو جھگڑوں کے مقدمات تھے۔
رپورٹ میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایسی خواتین قیدی جن کے بچے بھی ہیں اور وہ بچے چھ سال کی عمر تک اپنی والدہ کے ساتھ جیل میں رہ سکتے ہیں تاہم جیلوں میں ان بچوں کی دیکھ بھال کے لیے انتظامات غیر تسلی بخش ہیں۔اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2004 سے لے کر رواں سال اگست کے مہینے تک 5089 افراد کو مختلف عدالتوں کی طرف سے سزائے موت سنائی گئی جبکہ گزشتہ سات سال کے دوران 1800 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی جن میں سے 520 افراد کی سزاوں پر عمل درآمد ہوا
۔پاکستان کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کا ذکر تو نہیں کیا گیا البتہ یہ ضرور کہا گیا ہے کہ ان جیلوں میں قید افراد وہاں کی گنجائش سے بہت زیادہ ہیں۔
مختلف جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کے لیے بنائی گئی بیرکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان بیرکوں میں ایک سے دو افراد کے رہنے کی گنجائش ہے جبکہ وہاں پر چھ سے آٹھ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ رپورٹ میں جہاں یورپی یونین کی طرف سے سزائے موت کو ختم کرنے کے مطالبے کو دہرایا گیا ہے وہیں غیر منصفانہ ٹرائل کے خاتمے اور اس ضمن میں قوانین میں ترامیم کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔














