یوم یکجہتی کشمیر پورے قومی جوش و خروش اورجذبے سے منانے کا اعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) پاکستان نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پورے قومی

جوش و خروش اورجذبے سے منانے کا اعلان کردیا، قومی دن کے حوالے سے اعلیٰ قیادت کی باہمی مشاورت سے غیر معمولی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

 اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے تمام پہلوﺅں کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، معاون خصوصی معید یوسف ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں بھارت کی جانب سے 165 دن سے 80 لاکھ کشمیریوں کے محاصرے اور 9لاکھ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں قراردیا گیا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے نتیجے میںحالات کشیدہ ہورہے ہیں۔بی جے پی حکومت کے جارحانہ عزائم کی وجہ سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔ اجلاس میں کشمیر کا 5فروری کے دن کویکجہتی کشمیر کے طورپر منائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 اجلاس میں کہا گیا کہ بی جے پی کی مسلمان مخالف سوچ کے باعث علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔ اجلاس کے شرکاءنے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر غور کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پرغور صورتحال کی سنگینی کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔وزیراعظم نے کشمیریوں کی غیر متزلزل سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔