
کراچی (ویب ڈیسک )سندھ حکومت نے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے اورگندم کے بحران
کاذمہ دار وفاق کو قراردے دیا۔
وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت چالیس ہزارمیٹرک ٹن گندم پڑوسی ملک کونہ بھیجتی توملک میں بحران پیدا نہ ہوتاگندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سبب وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیاں ہیں،یہ سب مہنگائی کے سونامی کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈیڑھ سال میں مہنگائی پرکوئی کنٹرو ل نہیں کیاچند لوگوں کو خوش کرنے کے لیے عوام کولوٹا جارہا ہے, وفاقی حکومت عوام سے بھاری ٹیکسز لینے کے باوجود بھی مہنگائی کم نہ کرسکی,جس حکومت میں عوام کوریلیف دینے کی صلاحیت نہ ہو اس کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ میں گندم کا بحران نہیں ہے،فلورملزمالکان کو آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی میں آٹے کی سرکاری قیمت 45روپے فی کلو ہے کراچی میں فلورملز مالکان اوردکانداروں نے سرکاری قیمت پر عمل نہ کیا تو ملیں اور دکانیں سیل ہونگیں،صوبے میں آٹامہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف تمام ڈپٹی کمشنرز کارروائی کریں۔














