الخدمت کی جانب سے این آئی سی ایچ کے ڈاکٹرزکو حفاظتی کٹس کی فراہمی

کراچی ( رنگ نوڈاٹ کام ) الخدمت اور جماعت اسلامی کی جانب سے کورونا وائرس اورلاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے

صورتحال میں امدادی کام جاری ہیں ۔الخد مت کی جانب سے ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی پی پی ای کٹس این آئی سی ایچ میں ایگز یکٹو ڈائریکٹرکے حوالے کردی گئیں ،جبکہ ماڑی پور میں لاک ڈاؤن متاثرین کیلئے راشن مرکز کا افتتاح کردیا گیا ۔

 امیر جماعت اسلامی وصدرالخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمننے الخدمت شعبہ صحت کے ڈائریکٹراظہر چغتائی ،ڈائریکٹر ریلیف کوڈ19  قاضی سید صدر الدین کے ساتھ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ( این آئی سی ایچ ) کادورہ کیا اوروہاں ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی (پی پی ای )کٹس ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی ایچ پروفیسر جمال رضا کے حوالے کیں۔پروفیسر جمال رضا اور ان کی ٹیم نے صدر الخدمت کااسپتا ل کے مختلف شعبہ جات دورہ کروایا۔

اس موقع پر ڈاکٹر مشال خان،سرجن ڈاکٹر ناصر سلیم ، سرجن ڈاکٹر نائمہ ضمیر ، پروفیسر محسنہ ابراہیم بھی موجود تھیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں خدمت انجام دینے والے ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کا جذبہ قابل قدر ہے۔مشکل صورتحال میں مسیحا خود مسائل کا شکا رہو رہے ہیں ۔ضروری ہے کہ وہ خدمات کی انجام دہی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کی پوری ٹیم کی جانب سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔پروفیسر جمال رضا نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اور الخدمت کے تعاون کو سراہا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی وصدر الخدمت حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز ماڑی پور کا دورہ کیا اوروہاں لاگ ڈاؤن کے متاثرین کیلئے الخدمت کی جانب سے راشن مرکز کا افتتاح کیا۔راشن مرکز سے اب تک سیکڑوں خاندانوں کو راشن فراہم کیا جا چکا ہے۔

اس موقع پر صدر الخدمت کی رضاکاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ رضاکار خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر لوگوں کی مدد کریں ،الخدمت اور جماعت اسلامی رضائے الٰہی کیلئے کام کررہی ہے ۔

انہوں کہا کہ مدد کرتے وقت مستحقین کی عزت نفس کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے ،اس پر عمل کیا جائے ۔اس موقع پر امیر ضلع غربی محمد اسحاق خان ، نائب امیر ضلع فضل احد ، ناظم علاقہ ماڑی پور محمد حسین معززین علاقہ اور رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔حافظ نعیم نے کہا کہ لوگوں کی بلاتفریق مدد کی جائے ۔