
کراچی ( رپورٹ:محمد فیضان اشرف، دین محمد ) رحمت ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے بزرگ سماجی رہنما رحمت بھائی
مرحوم کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے سبب 250مستحقین ،ضرورت مندوں اور سفید پوش طبقے میں راشن تقسیم کردیا گیا ۔
راشن میں تیل ،آٹا،چینی،گھی،دالیں ،چاول ،مسالہ جات ودیگر ضروری اشیا موجود تھیں ۔راشن ہر مستحق خاندان کی ایک ماہ کی ضرورت کو باآسانی پورا کرے گا ۔
اس موقع پر راشن جناب علی بھائی اورعمر دین کی نگرانی میں چیئر مین رحمت ویلفیئر ٹرسٹ وسابق ٹاؤن ناظم نئی کراچی ٹاؤن شفیق الرحمن عثمانی ،ڈاکٹر خالد محمود،شمع کلیم ، فیضان اشرف ،عمران جاوید ،زین صدیقی ،دین محمد ودیگر رضاکاروں نے تقسیم کیا ۔
راشن کی تقسیم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شفیق الرحمن عثمانی کا کہنا تھا کہ راشن کی تقسیم رحمت بھائی کے مشن کی تائید وتوثیق ہے ۔رحمت بھائی کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سفید پوش طبقہ بھی بری طرح متاثر ہے ۔لوگ گھروں میں ہیں اورکاروبار بند ہے ۔ایسے میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اطراف دیکھیں اور کمزوروں کا خیال رکھیں ۔
ڈاکٹر خالدمحمود نے کہا کہ مشکل گھڑی میں پریشان حال لوگوں کی مدد کرکے ہم اللہ کی خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں ۔راشن کی تقسیم کا مقصد بھی یہی تھا ۔انہوں نے مخیرافراد سے اپیل کی کہ وہ رحمت ٹرسٹ کا ساتھ دیں۔




































