کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ،نشیبی علاقے ڈوب گئے

کراچی (رپورٹ :یاسمین شوکت) کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ،نشیبی علاقے ڈوب گئے ،گھروں میں پانی داخل ہونے سے

مکین شدید مشکلات کا شکار ،بارش سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی ۔
آج نئی کراچی ،سخی حسن ،اورنگی ٹاؤن ، نارتھ ناظم آباد،فیڈرل بی ایریا ،عائشہ منزل ،حیدری ،بفرزون سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ۔شدید بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے جس سے اور نگی کے کئی علاقوں میں گھروں کے اندر پانی داخل ہوگیا اور گھر کا سامان بھی ڈوب گیا ہے ۔صورتحال سے نشیبی علاقوں کے مکین شدید اذیت کا شکار ہیں ،دوسری جانب بارش کے آتے ہی بجلی بھی بند کر دی گئی ،تاہم تاحال بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے ۔

مختلف مقامات پر بارش کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے ،جبکہ سیکڑوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی پانی میں پھنس کر بند ہوگئیں ،جس سے راہ گیروں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ برساتی نالوں کی صفائی کا مسئلہ تو پرانا ہے ،مگراس بار بھی سٹی گورنمنٹ نالوں کے صفائی کے ساتھ شہر میں مون سون کی بارشوں کیلئے نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں کرسکی ،نہ ہی سٹی گورنمنٹ کے اہل کار سڑکوں سے نکاسی آب کا کام کرتے پائے گئے ،شہر کا اللہ حافظ ہے ۔