
کراچی (پورٹ:دین محمد،فیضان اشرف،زین صدیقی/نمائندگان رنگ نو) کراچی میں بارش کا ایک اور موسلادھار اسپیل،شہرپھر سے
برساتی پانی میں ڈوب گیا،جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں،کورنگی، گلشن اقبال،گلستان جوہر،حیدری،نارتھ کراچی،ملیر،نئی کراچی،ایئر پورٹ،شاہراہ فیصل،سرجانی،نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،آئی آئی چندریگر روڈ ،بلدیہ،پاور ہاؤس،سہراب گوٹھ،بلدیہ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی،جبکہ متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔
شہر کی مین شاہراہوں پر تین سے چار فٹ پانی جمع ہوگیا۔پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے،جبکہ کورنگی کاز وے اور کورنگی ندی طغیانی کے باعث آمدورفت کیلئے بند کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارتھ کراچی میں سینتیس ملی میٹر،ایئر پورٹ پر پانچ اعشاریہ سات،گلشن میں بہتترملی میٹر،سرجانی میں پچیس اعشاریہ چھ، بارش ہوئی ہے،موسلا دھار بارش کے باعث شہر کی سڑکوں پر چلنے سیکڑوں رکشے،موٹرسائیکل اورکاریں بند ہوگئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ دن پھر جاری رہنے کا امکان ہے،ادھر بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہواہے۔ادھر اے پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا تھا تاہم شہر میں نکاسی آب کا کوئی انتظام نظر نہیں آرہا،جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔














