
کراچی (نمائندہ رنگ نوڈاٹ کام ) الخدمت کراچی کے تحت ”رین ایمرجنسی مہم“کے سلسلے میں شہر کے 100 سے زائدمقامات پر
امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔کشتی اورشٹل سروس کے ذریعے بارش میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کرنے،کھانا اور پینے کا پانی فراہم کرنے کا عمل جاری ہے،جبکہ متاثرین بارش میں راشن اور ترپال بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔الخدمت نے حب ریورروڈبلدیہ میں دوران بارش گڑھے میں پھنسنے والی مسافروں سے بھری بس کو رینجرز کے ساتھ مل کر نکالا،جبکہ یاسین آباد کے برساتی نالے میں ڈوبنے والے دوبچوں کی تلاش شروع کی گئی جو رات گئے تک جار ی رہی۔الخدمت کے رضاکاروں نے گلستان جوہر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گرنے والے پہاڑی تودے تباہ ہونے والے گھراورگاڑیوں پر سے ملبہ ہٹایا۔ایمرجنسی ریلیف کے کاموں کی نگرانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی کر رہے ہیں۔

منگل کو شہر میں موسلا دھار بارش کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں زیرآب آگئیں تھیں۔الخدمت کے رضاروں نے کشتیوں اور شٹل سروس کے ذریعے بارش میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا۔الخدمت کے رضاکاروں نے اورنگی بیوہ کواٹر،بے نظیر کالونی اورتھورانی گوٹھ میں بھی بارش سے متاثرہ لوگوں کو بڑی تعدا دمیں خشک راشن ان کے گھروں تک پہنچایا اور ترپال بھی فراہم کیے۔تقسیم کیے گئے راشن میں آٹا،چینی،دالیں،پکوان تیل ودیگر اشیا شامل تھیں۔

دریں اثنا چیف ایگزیکٹو الخدمت انجینئر سلیم اظہرنے کہا ہے کہ شہر میں ہونے والی بارش سے کراچی کے مختلف علاقوں کے لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں۔شہر میں ا لخدمت کے سیکڑوں رضاکار متحرک ہیں اور لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔رضاکاروں نے سڑکوں پر جمع برساتی پانی میں پھنسے لوگوں کونکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے،جبکہ متاثرین تک کھانااورپینے کا پانی،راشن وترپال بھی پہنچائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران الخدمت کے رضاکار شہریوں کی خدمت میں مصروف رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بارش سے نشیبی علاقوں کے لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ان پریشان حال لوگوں کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔

انجینئر سلیم اظہرنے مخیر حضرات اوردرد دل رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کیلئے الخدمت کے ساتھ تعاون کریں۔




































