
لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے
خیرخواہ نہیں۔اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا۔اپوزیشن جماعتیںصرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام۔پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے، حکومت مدت پوری کرے گی۔
وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے کہا کہ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکاہے-دو برس میں سابق دور کی خرابیوں اور غلطیوں کو درست کیاہے-نمائشی منصوبوں کی جگہ فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر کام کیا ہے- انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے اورسابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔














