الخدمت کے تحت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کا پانچواں مرحلہ مکمل

  کراچی ( نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام)الخدمت کراچی کے” آرفن کیئر پروگرام “کے تحت رجسٹرڈ

یتیم بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا پانچواں مرحلہ مکمل کرلیا گیا ۔پانچواں مرحلہ الخدمت اسپتال ملیر میں مکمل کیا گیا، جہاں ضلع ایئر پورٹ کے 92بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی ۔

اسپتال میں امراض اطفال ،دانتوں ،ناک کان ،گلے ،آنکھوںاورجنرل امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے بچوں کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر بچوں کی مائیں اور ان کے سرپرست موجود تھے ،جنہوں نے الخدمت کے” آرفن کیئر پروگرام “کی جانب سے بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کے عمل کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹروں نے بچوں کو خوشگواروصحت مند زندگی کے بنیادی اصول بتائے اور انہیں کہا کہ اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔بازار کی غیر معیاری چیزیں کھانے سے بچیں ۔ہاتھوں کو صاف رکھیں ۔اپنے تمام کام وقت پر کریں ،وقت پر کھائیں اور وقت پررات کو سوئیں ۔

دریں اثنا ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کاملانی نے کہا کہ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ بچوں کی ہرسال ہیلتھ اسکریننگ کروائی جاتی ہے ،یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 744بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ مکمل کی جا چکی ہے ۔