کراچی پریس کلب کی 63سالہ جمہوری روایات قابل تقلید ہیں :محمود حامد

کراچی (نمائندہ رنگ نو ) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود

حامد نائب صدر نوید احمد ،جاوید عبداللہ اور عثمان شریف کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے کراچی پریس کلب کے نومنتخب صدر فاضل جمیلی جنرل سیکریٹری رضوان بھٹی اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔

اس موقع پر کامیاب عہدیداروں کو گلدستے پیش کیے اور سندھ کی روایتی اجرکیں پہنائیں جبکہ وفد نے کامیابی کی خوشی میں  صحافیوں کو مٹھائی بھی پیش کی۔

 اسمال ٹریڈرز کراچی کےصدر محمود حامد نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی جمہوری روایات پورے ملک کے سیاستدانوں اور اداروں کے لئےبہترین نمونہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 63 سال سے جاری انتخابی عمل  اور جمہوری انداز سے انتقال اقتدار کراچی پریس  کلب کی سنہری روایت ہے جس پر کلب کے تمام ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

محمود حامد نے کہا  صحافت اورمعیشت  کا تعلق بہت گہرا ہے کراچی کی صحافی برادری نے تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے  کراچی پریس کلب  نے ہمیشہ چھوٹے تاجروں اور مظلوموں کو  سپورٹ کیا ہے۔

 اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے تاجر برادری  کے ساتھ بھرپور تعاون رہا ہے اور یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

نو منتخب جنرل سیکرٹری رضوان چھٹی نے  تمام تاجر راہنماؤں کا پریس کلب آکر مبارکباد دینے  پر ان کا شکریہ ادا کیا وفد میں بابر بنگش،سلیم ملک، محمد ربان، اقبال یوسف، طارق جمیل، کامران صدیقی، ریحان صدیقی، محمد عارف، اور دیگر رہنماشامل تھے۔